سندھ میں ڈیجیٹل گورننس کو تیز کرنے کا فیصلہ، ای-اسٹیمپنگ نظام کی تقریب زیر نگرانی وزیراعلیٰ سندھ

کراچی(بولونیوز)سندھ میں وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ کی زیر نگرانی ای-اسٹیمپنگ معاہدے کی دستخطی تقریب منعقد کی گئی، جس میں صوبائی وزراء، معاونین، سندھ حکومت کے ترجمان، چیف سیکریٹری اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

تقریب میں بتایا گیا کہ بورڈ آف ریونیو سندھ اور سندھ انفارمیشن ٹیکنالوجی کمپنی (SITC) کے درمیان معاہدہ طے پایا ہے، جس کے تحت ای-اسٹیمپنگ کے ذریعے شفاف، مؤثر اور عوام دوست گورننس کو فروغ دیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ یہ اقدام شہریوں کے لیے سرکاری خدمات کو آسان بنانے، جعلی اسٹامپ پیپر کے خاتمے اور دفاتر میں قطاروں سے نجات دلانے کے لیے کیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے مزید بتایا کہ پانچ ماہ میں 7 لاکھ 30 ہزار سے زائد چالان پراسیس کیے جا چکے ہیں اور ای-اسٹیمپنگ کے ذریعے 12.8 ارب روپے کی وصولی کی گئی ہے۔ اگلے مرحلے میں مکمل پیپر لیس نظام متعارف کرایا جائے گا، جس کے تحت شہری موبائل اور لیپ ٹاپ سے اسٹامپ پیپر حاصل کر سکیں گے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ اصلاحات صرف ٹیکنالوجی کی اپ گریڈیشن نہیں بلکہ حکومت اور عوام کے درمیان اعتماد کی بحالی ہیں۔ صوبے میں ڈیجیٹل نظام کے ذریعے پراپرٹی ٹیکس، ڈومیسائل، پی آر سی اور دیگر سرکاری سرٹیفکیٹس آن لائن جاری کیے جائیں گے، جبکہ سندھ سٹیزن سپر ایپ کے ذریعے 130 سے زائد سرکاری خدمات شہریوں تک براہِ راست پہنچیں گی۔

معاون خصوصی علی راشد نے بریفنگ میں بتایا کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی مستقبل کی گورننس ہے اور ای-اسٹیمپنگ کے ذریعے کرپشن میں نمایاں کمی آئے گی۔ ایس آئی ٹی سی کے چیٹ بوٹ کے ذریعے شہریوں کو سندھی، اردو اور انگریزی میں 24 گھنٹے رہنمائی فراہم کی جائے گی، اور صوبائی ڈیٹا سینٹر میں حساس معلومات محفوظ رکھی جائیں گی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے صوبائی محکموں کو ہدایت کی کہ گورنمنٹ ٹو گورنمنٹ فریم ورک کے تحت محکمے براہِ راست معاہدے کریں اور ڈیجیٹل اصلاحات تعلیم، انتظامیہ اور معاشی سرگرمیوں میں بھی نافذ کی جائیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *