جنگ ختم کرنے کا واحد راستہ ایران کے حقوق تسلیم کرنا ہے، ایرانی صدر مسعود پزشکیان
تہران(بولونیوز) ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ صیہونی حکومت اور امریکا کی جانب سے شروع کی گئی جنگ کو ختم کرنے کا واحد راستہ یہ ہے کہ ایران کے آئینی اور قانونی حقوق کو تسلیم کیا جائے۔
صدر مسعود پزشکیان نے اپنے بیان میں کہا کہ ایران کو پہنچنے والے نقصانات کا ہرجانہ ادا کیا جائے اور مضبوط بین الاقوامی ضمانتیں دی جائیں تاکہ آئندہ ایران پر کسی قسم کی جارحیت نہ ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے ولادیمیر پیوٹن اور شہباز شریف سے بات چیت کے دوران خطے میں امن و استحکام کے لیے ایران کے عزم کو ایک مرتبہ پھر دہرایا ہے۔
ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ ایران خطے میں کشیدگی میں کمی اور پائیدار امن کے قیام کے لیے سنجیدہ سفارتی کوششوں کا حامی ہے، تاہم اس کے لیے ضروری ہے کہ اس کے جائز حقوق کو تسلیم کیا جائے۔
سیاسی مبصرین کے مطابق مسعود پزشکیان کا یہ بیان خطے میں جاری کشیدگی اور عالمی سفارتی سرگرمیوں کے تناظر میں خاص اہمیت کا حامل ہے۔


