اسرائیل کے رات گئے لبنان پر شدید حملے، بیروت اور جنوبی علاقوں میں تباہی

بیروت(بولونیوز)اسرائیل نے رات گئے لبنان پر شدید فضائی حملے کیے، جن کے بعد مختلف علاقوں میں آگ بھڑک اٹھی اور دھوئیں کے بادل فضا میں بلند ہوتے دکھائی دیے۔

اسرائیلی فوج کے مطابق بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقوں میں بڑا حملہ کیا گیا۔ اس سے قبل اسرائیل نے بیروت کے وسطی علاقے میں ایک رہائشی عمارت کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں عمارت کے کئی فلور تباہ ہو گئے۔

ذرائع کے مطابق جنوبی لبنان کے دو شہروں میں بھی حملے کیے گئے، جبکہ حالیہ اسرائیلی حملوں میں کم از کم 19 افراد شہید ہو چکے ہیں۔

اسرائیلی فوج کا دعویٰ ہے کہ فضائی حملوں کے دوران حزب اللّٰہ کے کمانڈ سینٹرز اور اسلحہ کے گوداموں کو نشانہ بنایا گیا۔

دوسری جانب ایک اسرائیلی سینیئر دفاعی اہلکار نے دعویٰ کیا ہے کہ حزب اللّٰہ اور ایران نے اسرائیل کے خلاف پہلا مربوط حملہ کیا ہے۔ اہلکار کے مطابق حزب اللّٰہ اور ایران نے شمالی اسرائیل پر مشترکہ میزائل حملہ کیا، جو جنگ کے آغاز کے بعد پہلا مربوط حملہ قرار دیا جا رہا ہے۔

علاقائی اور عالمی سطح پر ان حملوں کے بعد شدید تشویش پائی جا رہی ہے، جبکہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ کشیدگی مزید وسیع ہو سکتی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *