کریم آباد میں ٹریلر کی ٹکر سے 2 بھائی جاں بحق، ڈرائیور ویڈیو کی مدد سے گرفتار

کراچی(بولونیوز)کریم آباد کے علاقے میں ٹریلر کی ٹکر سے دو سگے بھائیوں کے جاں بحق ہونے کے واقعے میں کراچی پولیس نے اہم پیش رفت کرتے ہوئے ٹریلر ڈرائیور کو گرفتار کر لیا ہے۔

ایس ایس پی سینٹرل ڈاکٹر عمران نے بتایا کہ پولیس نے ٹریلر ڈرائیور محمد چاند کو سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے گرفتار کیا ہے۔

انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ واقعے کے وقت ایک ہیوی وہیکل سڑک کنارے کھڑی تھی، جس کا حادثے میں کوئی قصور نہیں تھا۔ اصل حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک ٹریلر تیز رفتاری سے آیا اور اس کے پچھلے ٹائروں تلے موٹر سائیکل سوار دونوں بھائی آ گئے، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔

ایس ایس پی سینٹرل کے مطابق گرفتار ڈرائیور کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے جبکہ حادثے کی مزید تفتیش بھی کی جا رہی ہے۔ پولیس حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹریفک قوانین کی پابندی کریں تاکہ ایسے المناک واقعات سے بچا جا سکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *