’پاکستان کے پاس 28 دن کا پیٹرول ذخیرہ‘، حکومت نے ہنگامی کمیٹی قائم کر دی
اسلام آباد(بولونیوز) وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ملک میں ایندھن کے ذخائر کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے پاس اس وقت پیٹرول اور ڈیزل کا 28 دن کا ذخیرہ موجود ہے، جبکہ ایل این جی کے حوالے سے فی الحال کوئی مسئلہ درپیش نہیں۔
وزیر خزانہ نے سینیٹ کی خزانہ کمیٹی کے اجلاس میں بتایا کہ گزشتہ جمعہ سے خطے کی کشیدہ صورتحال میں تیزی سے تبدیلی آئی ہے، جس کے اثرات توانائی کے شعبے پر بھی پڑ سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسی کے پیش نظر وزیراعظم نے پیٹرولیم کے شعبے سے متعلق ایک خصوصی ہنگامی کمیٹی تشکیل دی ہے، جسے رئیل ٹائم میں فوری فیصلے کرنے کا اختیار حاصل ہے۔
وزیر خزانہ کے مطابق یہ کمیٹی روزانہ اجلاس کرے گی تاکہ بدلتی ہوئی صورتحال کے مطابق فوری اقدامات کیے جا سکیں اور ملک میں ایندھن کی مسلسل دستیابی کو یقینی بنایا جا سکے۔
حکومت نے عوام اور صنعتوں کو یقین دہانی کرائی ہے کہ توانائی کے وسائل کے حوالے سے ہنگامی صورتحال میں بھی کسی قسم کی کمی یا خلل پیدا نہیں ہونے دیا جائے گا۔


