غیر قانونی مقیم افغان باشندوں کے خلاف بڑا آپریشن، 149 افغان اور 35 سہولت کار گرفتار
بنوں(بولونیوز) ضلع بنوں میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کے خلاف بھرپور اور منظم آپریشن جاری ہے، جس میں مختلف تھانوں کی حدود میں وسیع پیمانے پر کارروائیاں کی گئی ہیں۔
ڈی پی او بنوں یاسر آفریدی کے احکامات کے تحت، ایس ڈی پی اوز کی نگرانی میں غیر قانونی مقیم افغان باشندوں کے خلاف مؤثر کارروائی عمل میں لائی گئی۔ حکومت کی جانب سے متعدد انتباہی اعلانات کے باوجود غیر قانونی مقیم افراد نے رضاکارانہ واپسی اختیار نہیں کی۔
دورانِ آپریشن 149 افغان باشندوں کو حراست میں لیا گیا اور ان کے خلاف فارن ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا۔ اسی طرح 35 سہولت کاروں، جن میں مالک مکان اور دکان دار شامل ہیں، کے خلاف 10 آر بی او کے تحت مقدمات درج کر کے قانونی کارروائی شروع کی گئی۔
پولیس نے غیر قانونی مقیم افغان شہریوں کو واضح طور پر آگاہ کیا ہے کہ ان کی موجودہ حیثیت غیر قانونی ہو چکی ہے، لہٰذا جتنی جلد ممکن ہو باعزت طریقے سے اپنے وطن واپسی اختیار کرنا ان کے حق میں بہتر ہوگا۔
حکام کا کہنا ہے کہ آپریشن کا مقصد ضلع میں امن و امان کو یقینی بنانا اور ممکنہ سیکیورٹی خطرات کو ختم کرنا ہے۔


