سیکیورٹی خدشات کے باعث منہاج القرآن کا شہرِ اعتکاف 2026 منسوخ
لاہور(بولونیوز)سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر منہاج القرآن نے شہرِ اعتکاف 2026 منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ ترجمان کے مطابق ملکی و بین الاقوامی سطح پر موجودہ حالات کے تناظر میں بڑی تعداد میں لوگوں کا سفر اور ایک مقام پر اجتماع سنگین سیکیورٹی تھریٹ بن سکتا ہے، جس پر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بھی انتباہ جاری کیا تھا۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ شہرِ اعتکاف گزشتہ 35 برسوں سے مسلسل منعقد کیا جا رہا ہے، جس میں اندرون و بیرونِ ملک سے لاکھوں افراد شریک ہوتے رہے ہیں۔ تاہم موجودہ حالات میں شرکاء کی سلامتی کو اولین ترجیح دیتے ہوئے یہ مشکل فیصلہ کیا گیا ہے۔
منہاج القرآن کے بانی و سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر طاہرالقادری نے اپنے بیان میں کہا کہ معتکفین حالات کے پیشِ نظر اپنے گھروں اور شہروں میں اعتکاف کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ فیصلہ عارضی ہے اور مکمل طور پر شرکاء کے جان و مال کے تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق حالات معمول پر آتے ہی آئندہ کے لائحہ عمل سے آگاہ کیا جائے گا۔


