کراچی میں سپاری کلنگ کی واردات ناکام، میڈیکل اسٹور ملازم سمیت دو ملزمان گرفتار
کراچی(بولونیوز)پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے سپاری کلنگ کی مبینہ واردات ناکام بنا دی۔ کارروائی کے دوران پاک کالونی پولیس نے میڈیکل اسٹور کے ایک ملازم اور کم عمر مبینہ شوٹر کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں میڈیکل اسٹور ملازم یونس اور 17 سالہ مبینہ ماہر نشانے باز عثمان منظور شامل ہیں۔ تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ یونس نے پانچ لاکھ روپے کے عوض ایک مقامی ڈاکٹر کو قتل کرنے کی سپاری دی تھی۔
دورانِ تفتیش ملزمان نے سنسنی خیز انکشافات کیے۔ پولیس کے مطابق یونس نے سائٹ بی شیر شاہ کے علاقے میں قائم ایک مقامی کلینک کے ڈاکٹر عبداللہ کو نشانہ بنانے کا منصوبہ بنایا، جبکہ قتل کی منصوبہ بندی بھی مبینہ طور پر اسی مقام پر کی گئی۔
گرفتار ملزم عثمان نے بیان میں بتایا کہ ڈاکٹر عبداللہ روزانہ رات تقریباً گیارہ بجے اپنے کلینک سے پیدل گھر جاتے تھے اور انہیں راستے میں ٹارگٹ کرنے کا منصوبہ تھا۔ مرکزی ملزم یونس کے مطابق ڈاکٹر عبداللہ سے اس کی پرانی رنجش تھی، کیونکہ ڈاکٹر مریضوں کو اس کے میڈیکل اسٹور کے بجائے دیگر مقامات سے ادویات خریدنے کا مشورہ دیتے تھے۔
پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ بروقت کارروائی سے ایک ممکنہ قتل کی سنگین واردات کو ناکام بنا دیا گیا۔


