دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی بریک ڈاؤن، 72 انچ قطر کی مرکزی لائن پھٹ گئی
کراچی(بولونیوز)پانی کے بحران میں ایک بار پھر اضافہ ہو گیا ہے، جہاں دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کے بریک ڈاؤن کے باعث 72 انچ قطر کی مرکزی پانی کی لائن پھٹ گئی، جس کے نتیجے میں شہر کے مختلف علاقوں میں پانی کی فراہمی معطل ہو گئی۔
حکام کے مطابق کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کی لائن نمبر 5 بجلی کے تعطل کے باعث ایک بار پھر متاثر ہوئی۔ بریک ڈاؤن کے نتیجے میں دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر نصب چار بڑے پمپ بند ہو گئے، جس سے متعدد علاقوں کو پانی کی سپلائی منقطع ہو گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران یہ چوتھا موقع ہے جب مرکزی لائن کو نقصان پہنچا ہے، جبکہ مرمتی کاموں میں غیر معیاری مٹیریل کے استعمال کو ان واقعات کی بڑی وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔
ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق پائپ لائن کی مرمت کا کام جاری ہے اور اسے 24 گھنٹوں کے اندر مکمل کر کے پانی کی فراہمی بحال کر دی جائے گی۔
دوسری جانب شہریوں نے شکایت کی ہے کہ حساس آبی تنصیبات کو مستحکم بجلی کی فراہمی نہ ہونے کے باعث بار بار پانی کی قلت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جس سے روزمرہ زندگی شدید متاثر ہو رہی ہے۔ شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ آبی تنصیبات کے لیے مستقل اور محفوظ بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔


