میکسیکو میں امریکی کارروائی کے بعد خطرناک ڈرگ کارٹیل کا بدلہ لینے کا اعلان
میکسیکو(بولونیوز) میکسیکو میں امریکی ٹاسک فورس کی کارروائی کے دوران خطرناک ڈرگ کارٹیل کے سربراہ El Mencho کے قتل کے بعد صورتحال کشیدہ ہو گئی ہے۔ کارٹیل کی جانب سے امریکی شہریوں اور مفادات کے خلاف انتقامی کارروائیوں کی کھلی دھمکیاں دی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق امریکی کارروائی کے بعد کارٹیل نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنے سربراہ کے قتل کا بدلہ ضرور لے گا، جس کے باعث خطے میں سیکیورٹی خدشات میں شدید اضافہ ہو گیا ہے۔
ادھر امریکہ نے میکسیکو میں موجود اپنے شہریوں کے لیے ہائی الرٹ وارننگ جاری کر دی ہے۔ امریکی حکام نے اپنے شہریوں کو غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز، فوری طور پر ملک چھوڑنے یا انتہائی محفوظ مقامات پر رہنے کی ہدایات دی ہیں۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور ممکنہ خطرات کے پیش نظر مزید سیکیورٹی اقدامات بھی کیے جا سکتے ہیں، جبکہ میکسیکو میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔
ماہرین کے مطابق El Mencho کی ہلاکت ڈرگ کارٹیلز کے درمیان طاقت کے توازن کو متاثر کر سکتی ہے، جس کے نتیجے میں تشدد میں اضافے کا خدشہ ہے۔


