سانحہ گل پلازہ: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی فریق بننے کی درخواست مسترد
کراچی(بولونیوز) سانحہ گل پلازہ کی تحقیقات کے لیے قائم عدالتی کمیشن نے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی فریق بننے کی درخواست مسترد کر دی۔ پیر کے روز کمیشن کی سماعت کے دوران پارٹی رہنما ڈاکٹر فاروق ستار، نسرین جلیل اور دیگر اراکین اپنی قانونی ٹیم کے ہمراہ کمیشن کے روبرو پیش ہوئے اور فریق بننے کی استدعا کی۔
کمیشن کے سربراہ جسٹس آغا فیصل** نے ریمارکس دیے کہ کمیشن کی کارروائی باقاعدہ طور پر شروع ہو چکی ہے، اس لیے فریق بننے کے لیے مکمل اور ضابطے کے مطابق درخواست دائر کی جائے۔ عدالت نے قرار دیا کہ اس مرحلے پر پیش کی گئی درخواست پر کارروائی ممکن نہیں، جس کے بعد ایم کیو ایم پاکستان کی درخواست مسترد کر دی گئی۔
سماعت کے دوران کمیشن کو ابتدائی طور پر بتایا گیا کہ گل پلازہ میں آگ لگنے کی وجہ بچوں کا ماچس سے کھیلنا بنی، جس پر مزید تحقیقات جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ کمیشن نے کیس کی آئندہ سماعت 25 فروری تک ملتوی کر دی۔
بعد ازاں ڈاکٹر فاروق ستار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کے پاس سانحے سے متعلق مجرمانہ غفلت اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے ٹھوس شواہد موجود ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ گل پلازہ کی تعمیر میں سنگین بے ضابطگیاں ہوئیں اور اس حوالے سے متعلقہ افسران کے خلاف مقدمہ بھی درج کیا گیا تھا۔
ڈاکٹر فاروق ستار نے اعلان کیا کہ وہ سانحہ گل پلازہ سے متعلق شواہد اور تفصیلات پر آج سہ پہر تین بجے تفصیلی پریس کانفرنس کریں گے۔


