وزیراعلیٰ سندھ کا ایم اے ایل سی کی 70 سالہ خدمات اور عالمی یومِ جذام پر تقریب سے خطاب
کراچی(بولونیوز) وزیراعلیٰ سندھ نے ایم اے ایل سی کی 70 سالہ انسانی خدمت اور جذام کے عالمی دن کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ادارے کی انتھک محنت، انسانی ہمدردی اور جذام سے نجات کے لیے کوششوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ایم اے ایل سی آج 70 سالہ شاندار خدمات کا جشن منا رہا ہے اور یہ محض طویل عرصے کی کامیابیوں کا جشن نہیں بلکہ شفا، امید اور انسانیت کی خدمت کو سراہنے کا موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ جذام میں مبتلا افراد کو سماج نے کبھی قبول نہیں کیا، لیکن ایم اے ایل سی نے انہیں وقار اور عزت کے ساتھ زندگی گزارنا سکھایا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے ڈاکٹر رتھ فائو کی بے لوث خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ ان کی خدمات نے بے شمار زندگیوں کو بدل کر رکھ دیا اور پاکستان میں جذام سے نجات کی علامت بن چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جرمنی کی جانب سے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر فراہم کی جانے والی معاونت کو پاکستان قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
مزید کہا گیا کہ ایم اے ایل سی اعصابی امراض میں مبتلا بچوں کی بحالی اور جامع تعلیم کے فروغ میں بھی فعال کردار ادا کر رہا ہے اور حکومت سندھ اس اہم مشن میں ادارے کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ایم اے ایل سی اور سندھ حکومت کا اشتراک اعتماد، ساکھ اور باہمی عزم کا واضح ثبوت ہے۔ لیپروسی ایلیمنییشن اسٹریٹیجی 2030-2024 ایک قومی مقصد ہے اور بین الاقوامی تعاون، جدید ٹیکنالوجی اور عالمی مہارت کے استعمال سے اس مشن کی کامیابی ممکن ہے۔
آخر میں وزیراعلیٰ سندھ نے ایم اے ایل سی کی ٹیم کو سات دہائیوں پر محیط عظیم خدمات پر مبارکباد پیش کی اور دعا کی کہ ادارہ آئندہ بھی غریب اور دور دراز علاقوں کے عوام کی خدمت میں کامیابی حاصل کرے۔


