ترلائی،جمعہ کی نماز میں خوفناک خودکش دھماکہ، 10 افراد جاں بحق، 71 زخمی

اسلام آباد(بولونیوز)ترلائی میں کھنہ پل کے قریب واقع ایک امام بارگاہ میں جمعہ کی نماز کے دوران خوفناک خودکش دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں اب تک 10 افراد کے جاں بحق اور 71 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ واقعے کے فوراً بعد پولیس اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جن میں 60 زخمیوں کو پمز ہسپتال جبکہ 11 زخمیوں کو پولی کلینک ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، جس کے باعث زخمیوں کی تعداد میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

واقعے کے بعد اسلام آباد کے تمام بڑے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور طبی عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں تاکہ زخمیوں کو بروقت اور مکمل طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔آئی جی اسلام آباد نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے شہر بھر میں ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے، جبکہ سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں۔ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *