کے ڈی اے کے ریٹائرڈ ملازمین کو پینشن کی عدم ادائیگی، عدالت میں کارروائی جاری

کراچی(بولونیوز)کراچی ڈیویلپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے) کے ریٹائرڈ ملازمین کو پینشن ادا نہ کرنے کے خلاف عدالت میں درخواستوں کی سماعت ہوئی، جس دوران چیف سیکریٹری سندھ کی جانب سے پیش رفت رپورٹ جمع نہ کروانے پر عدالت برہم ہوئی۔

جسٹس عدنان الکریم میمن نے کہا کہ پینشن ہر ملازم کا قانونی حق ہے اور بار بار ہر کیس میں چیف سیکریٹری کو عدالت طلب کرنا درست نہیں۔ عدالت نے چیف سیکریٹری سندھ کو ہدایت دی کہ وہ ڈی جی کے ڈی اے اور دیگر افسران کے خلاف فوری انضباطی کارروائی کریں۔

عدالت نے واضح کیا کہ احکامات پر عمل درآمد نہ ہونے کی صورت میں ذمہ دار افسران کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی اور جب تک تمام ریٹائرڈ ملازمین کو پینشن ادا نہیں کی جاتی، یہ حکم جاری رہے گا۔

آئندہ سماعت پر چیف سیکریٹری سے پیش رفت رپورٹ طلب کرلی گئی ہے اور سماعت دو ہفتوں کے لیے ملتوی کر دی گئی ہے۔ وکیل درخواست گزار سہیل حنیف نے عدالت کو بتایا کہ کے ڈی اے کے پاس پینشن کے لیے رقم موجود نہیں ہے، جبکہ افسران کو بھاری تنخواہیں دی جا رہی ہیں۔

درخواست گزاروں میں امانت علی میرانی، خالد حفیظ اور دیگر شامل ہیں، جن کی کروڑوں روپے کی پینشن واجبات کے ڈی اے ادا نہیں کر رہا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *