وزیراعلیٰ سندھ کا لاڑکانہ کے گوٹھ بھاول جت میں سیلاب متاثرین اور خواتین سے خطاب

لاڑکانہ(بولونیوز)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے گوٹھ بھاول جت کا دورہ کرتے ہوئے سیلاب متاثرین کے ساتھ ملاقات کی اور پیپلز ہاؤسنگ منصوبے کے تحت بنائے گئے گھروں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے متاثرہ خواتین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت ورلڈ بینک کے اشتراک سے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے بڑے اقدامات کر رہی ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ سنہ 2022ء اور قبل ازاں آنے والے سیلابوں میں بہت سے کچے گھر تباہ ہوئے تھے اور اس دفعہ چیئرمین بلاول بھٹو نے گھر بنانے کی ہدایت دی، جس پر سندھ حکومت نے ورلڈ بینک، ایشین ڈولپمنٹ بینک، اسلامک ڈویلپمنٹ بینک اور وفاقی حکومت کے تعاون سے تقریباً 20 لاکھ گھروں کا ہدف مقرر کیا۔

انہوں نے بتایا کہ ایک گھر کی تعمیر پر تقریباً تین لاکھ روپے خرچ ہو رہا ہے اور مجموعی طور پر دو ارب ڈالر کی لاگت آئے گی۔ ورلڈ بینک نے اس منصوبے کی پہلی قسط میں پانچ سو ملین ڈالر فراہم کیے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اس وقت دس لاکھ سے زائد گھر مکمل ہو چکے ہیں اور تقریباً 15 لاکھ گھر زیر تعمیر ہیں، جنہیں اس سال مکمل کر لیا جائے گا۔

سید مراد علی شاہ نے سیلاب متاثرین اور خاص طور پر خواتین کو بااختیار قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنا کاروبار بھی کر رہی ہیں اور یہ بڑی خوشی کی بات ہے۔ انہوں نے ورلڈ بینک کے صدر اجے بانگا اور ان کی بیگم کا بھی شکریہ ادا کیا، جنہوں نے تعمیرات کا جائزہ لینے کے لیے لاڑکانہ کا دورہ کیا۔

وزیراعلیٰ نے تمام متعلقہ اداروں اور عالمی شراکت داروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ چیئرمین بلاول بھٹو کی سوچ اور سندھ حکومت کی عملی کوششوں کا نتیجہ ہے، جس سے سیلاب متاثرین کو نئے گھر اور بہتر معیار کی زندگی مل رہی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *