متروکہ وقف املاک کی زمین پر غیر قانونی تعمیرات کے خلاف عدالت میں کارروائی
کراچی(بولونیوز)پلاٹ نمبر آر سی ون 18 اے، ماروک روڈ نزد وفاقی اردو یونیورسٹی، جو متروکہ وقف املاک کی ملکیت ہے، پر غیر قانونی تعمیرات کے خلاف درخواست عدالت میں زیر سماعت ہے۔
درخواست گزار سید عبد الواسع نے عدالت کو بتایا کہ مذکورہ پلاٹ پر کمرشل سرگرمی کے لیے تعمیرات کی جارہی ہیں، جبکہ ایس بی سی اے نے اس پر کبھی اجازت نہیں دی۔ پہلے یہ جگہ سول اسپتال کے ڈاکٹرز کی رہائش اور نرسنگ ٹریننگ انسٹیٹیوٹ کے لیے استعمال ہو رہی تھی اور اب بھی سول اسپتال کے زیر استعمال ہے۔
سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) نے عدالت میں رپورٹ جمع کروائی جس میں کہا گیا کہ غیر قانونی تعمیرات کی جگہ کو خالی کروا کر ڈیمیولیشن کی کارروائی جاری ہے۔
عدالت نے ایس بی سی اے کو ہدایت دی کہ وہ غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی بلا تعطل جاری رکھے اور متروکہ وقف املاک کی ملکیت کے تحفظ کو یقینی بنائے۔


