پاکستان اور قازقستان متعدد شعبوں میں تعاون پر متفق
اسلام آباد(بولونیوز)پاکستان اور قازقستان نے کان کنی، پیٹرولیم، میری ٹائم، کسٹم، ریلوے، ٹرانزٹ ٹریڈ، پلانٹ پروٹیکشن، ویٹرنری، مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل ترقی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کی مفاہمتی یادداشتوں (MoUs) اور معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔
یہ یادداشتیں اور معاہدے وزیراعظم شہباز شریف اور قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکایووف کی موجودگی میں مشترکہ اعلامیے پر دستخط کے بعد تبادلہ کیے گئے۔ اس کے علاوہ دونوں ممالک کے درمیان اقوام متحدہ کے امن دستوں اور قیدیوں کے تبادلے سے متعلق بھی معاہدے کی دستاویز کا تبادلہ کیا گیا۔
قبل ازیں وزیر اعظم ہاؤس میں قازقستان کے صدر کے اعزاز میں پرتپاک استقبالیے کا اہتمام کیا گیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے معزز مہمان کا استقبال کیا، دونوں رہنماؤں نے مصافحہ اور خوشگوار بات چیت کی۔
تقریب کے آغاز پر دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے اور چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ یہ تقریب دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور تجارتی و اقتصادی تعاون کے فروغ میں اہم قدم قرار دی جا رہی ہے۔


