گل پلازا میں آگ لگنے کی وجوہات تاحال واضح نہیں، ایم کیو ایم نے 18ویں ترمیم کا مطالبہ نہیں کیا
لاہور(بولونیوز)وفاقی وزیرِ تعلیم اور کنوینر ایم کیو ایم پاکستان خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ ابھی یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ گل پلازا میں آگ حادثاتی طور پر لگی یا جان بوجھ کر لگائی گئی۔
لاہور میں نیشنل کالج آف آرٹس کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ ایم کیو ایم نے کبھی 18ویں آئینی ترمیم کو رول بیک کرنے کی بات نہیں کی۔
خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ دنیا تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے لیکن ہم خود کو اس تبدیلی کے ساتھ ہم آہنگ نہیں کر سکے، جس کے باعث مختلف چیلنجز کا سامنا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ سندھ میں گزشتہ 17 سال سے ایک ہی جماعت 100 فیصد اختیارات کے ساتھ برسرِ اقتدار ہے، جبکہ سندھ کے بجٹ کا 97 فیصد حصہ کراچی فراہم کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چور اور سپاہی دونوں کا تعلق کراچی سے نہیں اور ایم کیو ایم کا کوئی بھی مطالبہ ایسا نہیں جو آئینِ پاکستان سے متصادم ہو۔


