گل پلازہ اور رمپا پلازا متاثرہ عمارتوں کا ایس بی سی اے معائنہ مکمل، جیک لگانے کا فیصلہ
کراچی(بولونیوز)گل پلازہ میں پیش آنے والی آتشزدگی کے بعد سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) نے متاثرہ عمارت کا تفصیلی معائنہ مکمل کر لیا ہے۔ پاکستان انجینئرنگ کونسل کے سینئر انجینئر عارف قاسم کے ہمراہ ایس بی سی اے کی ٹیم نے عمارت کے بیسمنٹ اور گراؤنڈ فلور کا جائزہ لیا۔
معائنہ کے دوران معلوم ہوا کہ گل پلازہ کا ایک حصہ گرنے سے رمپا پلازا کے دو کالم متاثر ہوئے ہیں اور عمارت کا بیرونی حصہ گرنے کے باعث اندرونی حصہ بھی متاثر ہوا ہے۔ ایس بی سی اے حکام کے مطابق بیرونی حصہ گرنے کے نتیجے میں عمارت کا کچھ حصہ رمپا پلازا کی جانب جھک گیا ہے۔
متاثرہ عمارت اور رمپا پلازا کے جڑے ہوئے حصے پر فوری طور پر جیک لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ مزید نقصان سے بچا جا سکے۔ عمارت کے گرے ہوئے دونوں حصوں کا ملبہ ایس بی سی اے کے ماہرین کی نگرانی میں اٹھایا جائے گا۔
ایس بی سی اے نے بتایا کہ عمارت کے بیسمنٹ میں بڑی مقدار میں گرم پانی موجود ہے، جسے نکالنے کے بعد ہی اندرونی کالمز کا مکمل معائنہ ممکن ہوگا۔ حکام نے واضح کیا کہ عمارت کے فوری گرنے یا نہ گرنے کے حوالے سے حتمی بیان دینا قبل از وقت ہوگا اور مکمل جائزہ پانی نکالنے اور ملبہ ہٹانے کے بعد ممکن ہوگا۔
رمپا پلازا کے متاثرہ کالمز ایک طرف جھک چکے ہیں اور ایس بی سی اے حکام کے مطابق ان کالمز پر آج رات تک جیک لگا دیا جائے گا تاکہ عمارت کی صورتحال مستحکم کی جا سکے۔


