آبی جارحیت پر پاکستان کا بھارت سے باضابطہ رابطہ، وضاحت طلب کر لی
اسلام آباد(بولونیوز)بھارت کی جانب سے مبینہ آبی جارحیت پر پاکستان نے نئی دہلی سے باضابطہ رابطہ کرتے ہوئے وضاحت طلب کر لی ہے۔
پاکستانی کمشنر برائے سندھ طاس نے معاملہ باضابطہ طور پر بھارت کے ساتھ اٹھا لیا، انہوں نے دریائے چناب میں پانی کی غیر معمولی کمی پر نئی دہلی سے وضاحت مانگی ہے۔
پاکستان نے مؤقف اختیار کیا کہ سیٹلائٹ تصاویر میں بگلیہار ریزروائر کے خالی ہونے اور اسے دوبارہ بھرنے کے شواہد موجود ہیں، جبکہ سندھ طاس معاہدے کے تحت ڈیڈ اسٹوریج خالی کرنا ممنوع ہے۔
وزارت آبی وسائل کے مطابق 17 دسمبر 2025 سے چناب کے بہاؤ میں نمایاں بہتری شروع ہوئی، محکمہ آبپاشی کی جانب سے چناب کی مسلسل نگرانی جاری ہے، دریا میں پانی کے بہاؤ میں غیر معمولی کمی کے بعد اب استحکام آ گیا ہے۔
مزید بتایا گیا کہ ہیڈ مارالہ کے مقام پر چناب میں بہاؤ دوبارہ معمول کے مطابق داخل ہو رہا ہے، 10 سے 16 دسمبر 2025 تک چناب میں تاریخی سطح سے کہیں کم بہاؤ ریکارڈ ہوا جو گر کر 870 کیوسک تک رہ گیا تھا۔


