کے-الیکٹرک کی اپیل پر بڑا فیصلہ: عدالت نے اسد علی شاہ کو بیان بازی سے روک دیا، حکمِ امتناع بحال

کراچی(بولونیوز) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے کے-الیکٹرک کی اپیل پر فیصلہ سناتے ہوئے سابق ڈائریکٹر اسد علی شاہ کو کمپنی کے خلاف بیان بازی سے روک دیا ہے اور ان کے خلاف جاری حکمِ امتناع (اسٹے آرڈر) بحال کر دیا ہے۔

عدالت نے کے-الیکٹرک کی درخواست پر ٹرائل کورٹ کے 2 دسمبر کے فیصلے کو معطل کرتے ہوئے اسد علی شاہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ سوشل میڈیا، ای میلز یا دیگر ذرائع کے ذریعے کمپنی کو ہراساں کرنے یا اس کی ساکھ کو نقصان پہنچانے سے باز رہیں۔

فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ مدعا علیہ کمپنی کی شہرت متاثر کرنے کے لیے کوئی میڈیا پلیٹ فارم یا آن لائن پیج بھی نہیں بنا سکیں گے۔

کے-الیکٹرک کے وکیل بیرسٹر ایان میمن نے مؤقف اختیار کیا کہ سابق بورڈ ممبر کی جانب سے چلائی جانے والی مہم کمپنی کی ساکھ اور رازداری کے ضابطوں کی صریح خلاف ورزی ہے۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد ٹرائل کورٹ کا فیصلہ انصاف کے تقاضوں کے تحت اگلی سماعت تک معطل کر دیا۔

کیس کی مزید سماعت 8 جنوری 2026 تک ملتوی کر دی گئی ہے، جس میں عدالت نے دونوں فریقین کو اعتراضات اور مزید دلائل کے ساتھ پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *