لاس اینجلس(بولونیوز)امریکی محکمۂ انصاف نے اعلان کیا ہے کہ امریکا، کینیڈا اور یورپ میں مشترکہ کارروائیوں کے دوران بھارتی نژاد جرائم پیشہ گروہوں سے تعلق رکھنے والے 24 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق گرفتار افراد پر بھارت میں قائم تین بین الاقوامی جرائم پیشہ نیٹ ورکس سے وابستگی کے الزامات ہیں۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ان گروہوں پر ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری، منشیات کی اسمگلنگ اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث ہونے کے الزامات ہیں۔ تحقیقات میں 2023 میں کینیڈا کے صوبہ برٹش کولمبیا میں سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجار کے قتل کی مبینہ سازش کا پہلو بھی شامل ہے۔
لاس اینجلس میں وفاقی استغاثہ کے مطابق یہ گرفتاریاں کئی برس پر محیط تحقیقات کے بعد عمل میں آئیں، جن میں مبینہ بین الاقوامی جرائم پیشہ نیٹ ورکس کی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔ حکام کے مطابق گرفتار افراد میں لارنس بشنوئی گینگ کے مبینہ ارکان بھی شامل ہیں۔
ایف بی آئی کے لاس اینجلس فیلڈ آفس کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر پیٹرک گرانڈی نے کہا کہ کارروائی ایسے بین الاقوامی جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف کی گئی ہے جن پر امریکا اور دیگر ممالک میں تشدد اور جرائم کے ذریعے لوگوں کو خوفزدہ کرنے کے الزامات ہیں۔
امریکی محکمۂ انصاف کے مطابق مجموعی طور پر 37 افراد کے خلاف فردِ جرم عائد کی گئی ہے، جبکہ 10 مفرور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔ فرسٹ اسسٹنٹ امریکی اٹارنی بل ایسلے نے کہا کہ بین الاقوامی جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی جاری رکھی جائے گی۔
Leave a Reply