لاپتا کارگو طیارے کا ملبہ اوڑمارہ کے قریب سمندر سے برآمد، ریسکیو آپریشن جاری
کراچی(بولونیوز)شارجہ سے کراچی آنے والے نجی کمپنی کے ٹو ایئرویز کے لاپتا کارگو طیارے کا ملبہ پاک بحریہ اور پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی (PMSA) نے تلاش کر لیا ہے۔
حکام کے مطابق طیارے کی تلاش کے لیے پاک بحریہ اور پی ایم ایس اے نے 12 گھنٹے سے زائد عرصے تک سرچ آپریشن جاری رکھا، جس کے بعد طیارے کا ملبہ اوڑمارہ کے ساحل سے تقریباً 53 ناٹیکل میل جنوب میں سمندر سے برآمد کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق مزید شواہد اور عملے کے ارکان کی تلاش کے لیے سمندر میں ریسکیو اور سرچ آپریشن تاحال جاری ہے۔
واضح رہے کہ شارجہ سے کراچی آنے والا کے ٹو ایئرویز کا کارگو طیارہ گزشتہ رات لاپتا ہو گیا تھا، جس میں پائلٹ سمیت عملے کے پانچ افراد سوار تھے۔


