اٹلی میں دو معصوم بچوں کی جان بچانے والے پاکستانی نوجوان نوید اسلم کے لیے سرکاری اعزاز
اٹلی(بولونیوز) چند روز قبل اٹلی کے شہر بریشیا کے ایک پارک میں اس وقت خوف و ہراس پھیل گیا جب ایک نائجیرین شہری نے کھیلتے ہوئے دو معصوم بچوں پر اچانک حملہ کر دیا اور ان کی گردن دبانے کی کوشش کی۔
اس نازک صورتحال میں وہاں موجود پاکستانی نوجوان نوید اسلم نے غیر معمولی جرات اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر حملہ آور پر جھپٹ پڑے اور اسے قابو میں کر لیا۔ نوید اسلم نے پولیس کے پہنچنے تک حملہ آور کو مضبوطی سے دبوچے رکھا، جس کے دوران وہ خود بھی زخمی ہو گئے، تاہم انہوں نے بچوں کو محفوظ رکھا اور کسی بڑے سانحے کو ہونے سے بچا لیا۔
پاکستانی نوجوان کی اس مثالی بہادری اور انسانی خدمت کے اعتراف میں بریشیا کی میئر لورا کاسٹیلیٹی نے نوید اسلم کو اپنے دفتر مدعو کیا اور انہیں خصوصی اعزازی شیلڈ پیش کی۔
اس موقع پر گجرات سے تعلق رکھنے والے نوید اسلم کا کہنا تھا کہ بچوں کی جان بچانا ان کی انسانی ذمہ داری تھی۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے کوئی غیر معمولی کارنامہ انجام نہیں دیا بلکہ وہی کیا جو ایک انسان کو دوسرے انسان کے لیے کرنا چاہیے۔
نوید اسلم کی اس جرات مندانہ کارروائی کو اٹلی سمیت پاکستان میں بھی سراہا جا رہا ہے، جبکہ سوشل میڈیا پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔


