آبنائے ہرمز ایران کے انتظام میں رہے گی، ایرانی اسپیکر محمد باقر قالیباف
تہران(بولونیوز)ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر اور اعلیٰ مذاکرات کار محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز ایران کے انتظام اور ایرانی شرائط کے تحت چلائی جائے گی۔
محمد باقر قالیباف نے سوئٹزرلینڈ میں ہونے والے چار فریقی مذاکرات سے واپسی کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کے ساتھ آبنائے ہرمز کا انتظام ایران کے ہاتھ میں ہوگا، جبکہ ممکنہ مسائل کے حل کے لیے 30 روزہ رابطہ مرکز بھی قائم کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ عسکری اور سفارتی میدان ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں اور مذاکرات دراصل جدوجہد کا تسلسل ہیں۔ ان کے مطابق دفاعی قوت سفارت کاری کے لیے راہ ہموار کرتی ہے۔
قالیباف نے مزید کہا کہ حالیہ مذاکرات کے دوران مختلف امور پر پیش رفت ہوئی، جن میں منجمد ایرانی اثاثوں کی بحالی اور تیل پر پابندیوں میں نرمی جیسے معاملات بھی شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایران اپنے قومی مفادات کے تحفظ کے لیے سفارتی اور دفاعی دونوں سطحوں پر متحرک رہے گا، جبکہ آبنائے ہرمز سے متعلق پالیسی ایرانی خودمختاری کے تحت ہی طے کی جائے گی۔


