موٹرسائیکل سواروں کے لیے پیٹرول سبسڈی اسکیم ختم ہونے کا امکان، وفاقی وزیر کا بیان
اسلام آباد(بولونیوز)وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ آئندہ چند دنوں میں موٹرسائیکل سواروں کے لیے جاری پیٹرول سبسڈی اسکیم بند کیے جانے کا امکان ہے۔
ایک نجی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اس حوالے سے حتمی فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف کریں گے، جبکہ اسکیم پر صوبوں سے مشاورت بھی کی جائے گی۔
وفاقی وزیر کے مطابق موٹرسائیکل سواروں کے لیے یہ ریلیف اسکیم وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے مشترکہ طور پر شروع کی تھی، جس کے تحت اب تک تقریباً 130 ارب روپے کا ریلیف فراہم کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایکسائز ڈیٹا فراہم کرنے والے موٹرسائیکل سواروں کو براہ راست رقم منتقل کی گئی۔
واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ کمی کے بعد موٹرسائیکل سواروں کو دی جانے والی ماہانہ 2 ہزار روپے سبسڈی پر نظرثانی کی جا رہی ہے، جس کے لیے باضابطہ فیصلہ جلد متوقع ہے۔


