پی آئی اے کا طیارہ بڑے حادثے سے بال بال بچ گیا
کراچی(بولونیوز) ملتان سے ریاض جانے والا پی آئی اے کا طیارہ بڑے حادثے سے بال بال بچ گیا ، اچانک تکنیکی خرابی کے باعث کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) کی ملتان سے سعودی عرب کے شہر ریاض جانے والی پرواز میں فضا میں اچانک تکنیکی خرابی پیدا ہونے کے باعث طیارے کو ہنگامی طور پر کراچی ایئرپورٹ پر اتار لیا گیا۔ایئرلائن حکام نے بتایا کہ طیارے میں 160 سے زائد مسافر سوار تھے جو بالکل محفوظ ہیں۔
ائیرپورٹ ذرائع کا کہنا تھا کہ ملتان سے ریاض جانے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 765 میں اچانک طیارے کے ہائیڈرالک سسٹم میں فنی خرابی پیدا ہو گئی۔
خرابی کا پتا چلتے ہی کپتان نے فوری طور پر کراچی ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ کیا اور طیارے کو ہنگامی صورتحال کے پیشِ نظر کراچی ایئرپورٹ پر لینڈ کرنے کی اجازت مانگی۔
ایئر ٹریفک کنٹرول کی جانب سے فوری اجازت ملنے کے بعد کپتان نے کمالِ مہارت سے طیارے کو صبح ساڑھے 9 بجے کراچی ایئرپورٹ پر بحفاظت اتار لیا۔
پی آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ لینڈنگ کے فوراً بعد تمام مسافروں کو طیارے سے نکال کر ایئرپورٹ کے ٹرانزٹ لاؤنج میں منتقل کیا گیا۔
اس دوران پی آئی اے کے انجینئرز نے طیارے کی تکنیکی خرابی کو دور کرنے کا کام شروع کیا اور مکمل معائنے اور فالٹ درست ہونے کے بعد طیارے کو تمام مسافروں کے ساتھ کراچی سے ریاض کے لیے دوبارہ روانہ کر دیا گیا ہے۔


