کراچی ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال تیسرے روز میں داخل، شہری شدید مشکلات کا شکار

کراچی(بولونیوز)کراچی میں ٹرانسپورٹرز کی جانب سے ای چالان اور بھاری جرمانوں کے خلاف دی گئی پہیہ جام ہڑتال تیسرے روز بھی جاری ہے، جس کے باعث شہر بھر میں معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہو گئے ہیں۔

کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کی ہڑتال کے سبب بسیں اور دیگر پبلک ٹرانسپورٹ سڑکوں سے غائب ہیں، جس کے نتیجے میں مزدور، سرکاری و نجی ملازمین، طلبہ اور اسپتال جانے والے مریضوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ شہری طویل فاصلے پیدل طے کرنے یا مہنگی متبادل سواری استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔

متاثرہ شہریوں کا کہنا ہے کہ سب سے زیادہ نقصان غریب اور یومیہ اجرت پر کام کرنے والے افراد کو ہو رہا ہے، جو بروقت اپنی ملازمت یا مزدوری پر پہنچنے سے قاصر ہیں۔

دوسری جانب سندھ حکومت کی جانب سے تاحال ہڑتال ختم کرانے کے لیے کوئی مؤثر اقدامات سامنے نہیں آئے، جس پر عوامی حلقوں میں تشویش پائی جا رہی ہے۔

شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت اور ٹرانسپورٹرز کے درمیان فوری مذاکرات کیے جائیں تاکہ ٹرانسپورٹ بحال ہو اور عوام کو اس اذیت ناک صورتحال سے نجات مل سکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *