حکومت کا سوشل میڈیا انفلوئنسرز پر 5 فیصد ودہولڈنگ ٹیکس عائد کرنے کا اعلان
اسلام آباد(بولونیوز) وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں سوشل میڈیا انفلوئنسرز پر 5 فیصد ودہولڈنگ ٹیکس عائد کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
فنانس بل کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے حاصل ہونے والی آمدن پر یہ ٹیکس نافذ ہوگا، جس کا اطلاق یوٹیوب، فیس بک، ٹک ٹاک اور انسٹاگرام سمیت دیگر پلیٹ فارمز سے حاصل ہونے والی آمدن پر بھی ہوگا۔
حکومتی دستاویزات کے مطابق سوشل میڈیا انفلوئنسرز کو ملنے والی رقم پر متعلقہ بینک براہِ راست 5 فیصد کٹوتی کرے گا اور یہ رقم ٹیکس کی مد میں جمع کرائی جائے گی۔
وزارتِ خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد ڈیجیٹل معیشت کو منظم کرنا اور ٹیکس نیٹ کو وسعت دینا ہے، تاکہ آن لائن آمدن کو بھی قومی ٹیکس نظام میں شامل کیا جا سکے۔
نئے قانون کے اطلاق کے بعد سوشل میڈیا پر کام کرنے والے افراد اور کانٹینٹ کریئیٹرز کی آمدن پر باقاعدہ ٹیکس کا نظام لاگو ہوگا۔


