خودکشی کے واقعات میں تشویشناک اضافہ، 5 ماہ میں 55 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے
لاہور(بولونیوز)صوبائی دارالحکومت لاہور میں رواں سال کے ابتدائی 5 ماہ کے دوران خودکشی کے واقعات میں تشویشناک اضافہ دیکھا گیا ہے۔ایدھی ترجمان کے مطابق یکم جنوری سے 31 مئی تک مجموعی طور پر 55 افراد نے مختلف وجوہات کے باعث خودکشی کی، جن میں 8 خواتین اور 47 مرد شامل ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق جنوری میں 14 واقعات رپورٹ ہوئے جن میں 11 مرد اور 3 خواتین جان سے گئیں، جبکہ فروری میں 12 واقعات میں 11 مرد اور ایک خاتون نے اپنی جان لی۔
مارچ کے دوران 6 افراد نے خودکشی کی جن میں 5 مرد اور ایک خاتون شامل تھی، اپریل میں 10 واقعات رپورٹ ہوئے جن میں 9 مرد اور ایک خاتون جاں بحق ہوئیں۔مئی کے مہینے میں 13 واقعات سامنے آئے جن میں 11 مرد اور 2 خواتین نے خودکشی کی۔
ایدھی ترجمان کے مطابق خودکشی کے واقعات کی بڑی وجوہات میں غربت، معاشی دباؤ، گھریلو ناچاقی اور محبت میں ناکامی جیسے عوامل شامل ہیں۔ ماہرین نے اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے معاشرتی سطح پر فوری اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ہے۔


