کفایت شعاری پالیسی کے باوجود پیٹرولیم مصنوعات کے درآمدی بل میں نمایاں اضافہ
اسلام آباد(بولونیوز)وفاقی حکومت کی کفایت شعاری پالیسی کے باوجود رواں مالی سال 26-2025 کے دوران پیٹرولیم مصنوعات کے درآمدی بل میں بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 26-2025 کے پہلے 9 ماہ (جولائی تا مارچ) کے دوران ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کے درآمدی بل میں 53 کروڑ ڈالر کا اضافہ ہوا، جبکہ اس عرصے میں مجموعی طور پر 8 ارب 93 کروڑ ڈالر مالیت کی پیٹرولیم مصنوعات درآمد کی گئیں۔
وفاقی حکومت کی جانب سے جاری اقتصادی سروے کے مطابق ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی مجموعی کھپت ایک کروڑ 36 لاکھ میٹرک ٹن رہی، جو گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 3.5 فیصد زیادہ ہے۔
سروے میں بتایا گیا ہے کہ ٹرانسپورٹ سیکٹر پیٹرولیم مصنوعات کا سب سے بڑا صارف رہا، جہاں کھپت میں 6.7 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ٹرانسپورٹ کے شعبے میں پیٹرولیم مصنوعات کی کھپت مجموعی طلب کا 82 فیصد رہی۔
ماہرین کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی کھپت اور درآمدات ملکی معیشت پر اضافی دباؤ ڈال رہی ہیں، جس پر قابو پانے کے لیے مؤثر پالیسی اقدامات کی ضرورت ہے۔


