سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کا امن و امان کی صورتحال پر شدید ردِعمل
راولاکوٹ(بولونیوز)سردار عبدالقیوم نیازی، رہنما پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر نے راولاکوٹ میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال، مظاہرین پر فائرنگ اور سی ایم ایچ راولاکوٹ کے باہر پیش آنے والے افسوسناک واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
اپنے تازہ بیان میں سردار عبدالقیوم نیازی کا کہنا تھا کہ ریاست کی بنیادی ذمہ داری اپنے شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ہے، نہ کہ رات کے اندھیرے میں اپنے ہی عوام پر طاقت کا وحشیانہ استعمال۔ انہوں نے کہا کہ اس کریک ڈاؤن کے نتیجے میں ہونے والی شہادتوں اور سینکڑوں افراد کے زخمی ہونے پر دل خون کے آنسو رو رہا ہے۔
سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ راولاکوٹ کی گلیوں سے اٹھنے والے جنازے اور ہسپتالوں میں تڑپتے ہوئے زخمی کسی ایک جماعت یا قبیلے کے نہیں بلکہ یہ سب ہمارے اپنے بچے اور بھائی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کو سستی روٹی، بجلی اور روزگار فراہم کرنے کے بجائے گولیاں اور لاشیں دینا کسی صورت انصاف نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوامی ایکشن کمیٹی کے معاشی اور آئینی مطالبات کو طاقت کے استعمال کے بجائے خالصتاً مذاکرات کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے تھا۔ سردار عبدالقیوم نیازی نے مطالبہ کیا کہ صورتحال کو مزید بگڑنے سے بچانے کے لیے فوری طور پر طاقت کا استعمال روکا جائے اور ذمہ داران کا تعین کر کے انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔


