گلگت بلتستان اسمبلی انتخابات کے غیر حتمی نتائج، پیپلز پارٹی 9 نشستوں کے ساتھ سب سے آگے
گلگت(ایچ آراین ڈبلیو)گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات کے بعد غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے، جن کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی اب تک سب سے زیادہ 9 نشستوں پر کامیابی حاصل کر کے برتری کی پوزیشن میں ہے۔
اتوار کے روز گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات کے لیے مختلف پولنگ اسٹیشنوں پر صبح سے ہی ووٹرز کی بڑی تعداد دیکھنے میں آئی۔ شہریوں نے ووٹ ڈالنے کے لیے طویل قطاروں میں کھڑے ہو کر انتخابی عمل میں بھرپور حصہ لیا۔ پولنگ بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہی۔
پولنگ کے بعد غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق 24 میں سے 18 نشستوں کے نتائج موصول ہو چکے ہیں۔ ان نتائج کے تحت پیپلز پارٹی 9 نشستوں کے ساتھ سرفہرست ہے، آزاد امیدواروں نے 5 نشستیں حاصل کیں، مسلم لیگ (ن) 3 نشستوں پر کامیاب ہوئی جبکہ مجلس وحدت مسلمین نے ایک نشست جیت لی۔
تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان اسمبلی کے حلقہ جات جی بی اے 1، 4، 5، 7، 9، 10، 11، 12 اور 19 میں پیپلز پارٹی کامیاب ہوئی۔ جی بی اے 20، 22 اور 18 میں مسلم لیگ (ن) نے کامیابی حاصل کی، جی بی اے 8 میں مجلس وحدت مسلمین کامیاب رہی، جبکہ جی بی اے 3، 6، 21، 23 اور 24 میں آزاد امیدوار کامیاب قرار پائے۔
دوسری جانب سیاسی حلقوں میں مختلف قیاس آرائیاں بھی گردش کر رہی ہیں۔ سینئر تجزیہ کار نصرت جاوید کے مطابق یہ بحث بھی ہو رہی ہے کہ چونکہ 28ویں ترمیم منظور کروانی ہے، اس لیے ممکنہ طور پر گلگت بلتستان کی حکومت بلاول بھٹو کے حوالے کر کے کہا جا سکتا ہے کہ اب اس حکومت کے ذریعے آئینی ترمیم کی راہ ہموار کی جائے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے نتائج کی حتمی تصدیق کا عمل تاحال جاری ہے، جبکہ حکومت سازی سے متعلق صورتحال تمام نتائج سامنے آنے کے بعد واضح ہونے کا امکان ہے۔


