واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن میں افسران کی تنخواہوں میں مبینہ ہوشربا اضافہ، ملازمین کا احتجاج کا اعلان

کراچی(بولونیوز)کراچی میں کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے اندر اعلیٰ افسران کی تنخواہوں میں مبینہ طور پر بڑے اضافے کا انکشاف ہوا ہے، جس پر ادارے کے ملازمین اور مزدور تنظیموں میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔

دستاویزی ریکارڈ کے مطابق ادارے میں 13 کلیدی افسران کی تنخواہوں میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے۔ پے رول سیکشن کے مطابق چیف ایگزیکٹو آفیسر احمد علی صدیقی کی تنخواہ 20 لاکھ روپے، چیف آپریٹنگ آفیسر اسد اللہ خان کی 14 لاکھ روپے جبکہ چیف کمرشل آفیسر، چیف فنانس آفیسر اور چیف کمیونیکیشن آفیسر کی تنخواہیں 12، 12 لاکھ روپے ماہانہ مقرر کی گئی ہیں۔

مزید بتایا گیا ہے کہ بورڈ سیکریٹری، پروکیورمنٹ اسپیشلسٹ اور چیف انٹرنل آڈٹ سمیت دیگر افسران کو بھی بھاری مراعات اور لاکھوں روپے ماہانہ تنخواہیں دی جا رہی ہیں۔

دوسری جانب ادارے کے ہزاروں ریٹائرڈ ملازمین اپنے واجبات کے حصول کے لیے دربدر ہیں۔ ملازمین کے مطابق 2021ء سے اب تک ریٹائر ہونے والے ہزاروں ملازمین کے تقریباً 2 ارب 65 کروڑ روپے سے زائد واجبات ابھی تک ادا نہیں کیے گئے۔

اس صورتحال پر ادارے کی CBA اور مزدور تنظیموں نے شدید ردعمل دیتے ہوئے احتجاج کا اعلان کر دیا ہے۔ ملازمین کا کہنا ہے کہ ایک طرف افسران کو پرتعیش مراعات دی جا رہی ہیں جبکہ دوسری طرف ریٹائرڈ ملازمین کو ان کے حق سے محروم رکھا جا رہا ہے۔

مزدور تنظیموں نے اعلان کیا ہے کہ وہ 10 جون کو کراچی پریس کلب کے باہر بھرپور احتجاج اور قلم چھوڑ ہڑتال کریں گے، جس میں مبینہ ناانصافی اور کرپشن کے خلاف آواز بلند کی جائے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *