ہل پارک پر قبضے کے خلاف جماعتِ اسلامی کے تحت ’’سیو ہل پارک واک‘‘

کراچی(بولونیوز) شہر کے اہم تفریحی مقام ہل پارک پر مبینہ قبضے کے خلاف جماعتِ اسلامی کے تحت ’’سیو ہل پارک واک‘‘ کا انعقاد کیا گیا، جس میں اہلِ علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

واک کی قیادت رکنِ صوبائی اسمبلی محمد فاروق نے کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ کسی صورت پارک کی زمین پر قبضہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ان کے مطابق 62 ایکڑ پر مشتمل ہل پارک بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ماتحت ہے۔

محمد فاروق نے الزام عائد کیا کہ گزشتہ ماہ کے ایم سی کے ڈائریکٹر لینڈ کی جانب سے تعمیرات کی این او سی جاری کی گئی، جبکہ میئر کراچی پارکوں کی زمین کاٹ کر نجی افراد کے حوالے کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہل پارک کی زمین پر ’’لاڑکانہ کٹنگ‘‘ ہو رہی ہے جو ناقابلِ قبول ہے۔

انہوں نے بتایا کہ جماعتِ اسلامی نے ہل پارک پر قبضے کے خلاف سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔ محمد فاروق نے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کو ’’قابض میئر‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اب ان سے قبضہ ختم کرانے کا وقت آ گیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *