تنخواہوں میں 10 سے 15 فیصد اضافے کی تجویز، حتمی فیصلہ وزیراعظم کریں گے
اسلام آباد(بولونیوز)وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال 2026-27 کے بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 سے 15 فیصد اضافے کی تجویز دی ہے۔
شہباز شریف کی زیر صدارت وزیراعظم ہاؤس میں بجٹ سے متعلق ایک غیر رسمی اجلاس ہوا، جس میں نئے مالی سال کے بجٹ، پی ایس ڈی پی، ٹیکس اصلاحات اور تنخواہوں و پنشن میں اضافے کے امور پر مشاورت کی گئی۔
ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ نے وزیراعظم کو بجٹ کے اہم پہلوؤں پر بریفنگ دی۔ افراطِ زر کی شرح کو مدنظر رکھتے ہوئے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 سے 15 فیصد اضافے کی تجویز زیر غور ہے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ دستیاب مالی وسائل کی روشنی میں حتمی ورکنگ تیار کی جائے تاکہ ملازمین کو ممکنہ حد تک ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کا حتمی فیصلہ وزیراعظم اتحادی جماعتوں سے مشاورت کے بعد کریں گے۔


