بارہمولہ، خاتون کو پی ایس اے کے تحت گرفتار کر لیا گیا
سری نگر(بولونیوز) بھارتی زیرِ انتظام جموں و کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں ایک خاتون کو متنازع پبلک سیفٹی ایکٹ (پی ایس اے) کے تحت گرفتار کر لیا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق حسینہ بیگم نامی خاتون کو ضلع کے شیری علاقے سے حراست میں لیا گیا۔ بعد ازاں انہیں وادیٔ کشمیر سے باہر ضلع ڈوڈہ کی بھدرواہ جیل منتقل کر دیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق مذکورہ خاتون مختلف مقدمات میں مطلوب تھیں اور ان پر آزادی پسند سرگرمیوں کی حمایت اور بھارت مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت کسی بھی شخص کو طویل مدت تک بغیر باقاعدہ عدالتی کارروائی کے حراست میں رکھا جا سکتا ہے، جس پر انسانی حقوق کی تنظیمیں ماضی میں شدید تحفظات کا اظہار کرتی رہی ہیں۔


