وفاقی حکومت کا سی پیک منصوبے کے تحت نئی موٹروے بنانے کا فیصلہ
اسلام آباد(بولونیوز)وفاقی حکومت پاکستان نے سی پیک منصوبے کے تحت ایک نئی موٹروے کی تعمیر کا فیصلہ کیا ہے جو مانسہرہ سے شروع ہو کر کاغان، ناران، جل کھنڈ اور چلاس تک تعمیر کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق مانسہرہ سے چلاس تک 172 کلومیٹر طویل یہ موٹروے دو مراحل میں مکمل کی جائے گی۔ پہلے مرحلے میں موٹروے مانسہرہ سے بابوسر ٹاپ تک تعمیر ہوگی، جہاں 13.5 کلومیٹر طویل پاکستان کی سب سے بڑی ٹنل بھی بنائی جائے گی۔
دوسرے مرحلے میں بابوسر ٹاپ سے چلاس تک موٹروے مکمل کی جائے گی۔ منصوبے کے تحت یہ چار رویہ موٹروے ہوگی جس پر ہر 25 سے 30 کلومیٹر کے فاصلے پر جدید ریسٹ ایریاز بھی قائم کیے جائیں گے۔
حکام کے مطابق اس منصوبے سے نہ صرف سیاحت کو فروغ ملے گا بلکہ شمالی علاقوں تک سفری سہولیات بھی بہتر ہوں گی۔


