کراچی دل کے مریضوں کا شہر بننے لگا! روزانہ 103 ہارٹ اٹیک کے کیسز رپورٹ
کراچی(بولونیوز) شہر قائد میں روزانہ 103 افراد کو دل کا دورہ پڑنے کا انکشاف سامنے آیا، جن میں 40 سے 30 سال تک عمر والے افراد شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی اب تیزی سے دل کے مریضوں کے شہر میں تبدیل ہوتا جا رہا ہے، ٹبا ہارٹ انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے جاری کردہ ایک انتہائی تشویشناک تحقیقی رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ شہرِ قائد میں دل کے دورے کے کیسز میں ہوشربا اضافہ ہوا ہے، جہاں صرف سال 2025 کے دوران کل 74 ہزار 347 افراد کو دل کا دورہ پڑا، جس کا مطلب ہے کہ شہر میں روزانہ اوسطاً 103 افراد اس جان لیوا مرض کا شکار ہو رہے ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ اب یہ بیماری صرف معمر افراد تک محدود نہیں رہی بلکہ نوجوانوں کو بھی تیزی سے اپنی لپیٹ میں لے رہی ہے۔
کراچی میں روزانہ رپورٹ ہونے والے 103 مریضوں میں سے 10 مریضوں کی عمر 40 سال سے کم، جبکہ 2 مریضوں کی عمر 30 سال سے بھی کم ہوتی ہے۔
اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ کراچی میں 40 سال یا اس سے کم عمر افراد میں دل کے دورے کی شرح 8 فیصد تک پہنچ چکی ہے، جو کہ جنوبی ایشیا اور دنیا بھر کی دیگر اے سی ایس رجسٹریز کے 5 تا 10 فیصد کے مروجہ اعداد و شمار سے مطابقت رکھتی ہے۔
رپورٹ میں سال 2016 سے مارچ 2026 تک کے طویل مدتی ڈیٹا کا جائزہ لیا گیا، جس کے مطابق ان دس سالوں میں مجموعی طور پر 4 لاکھ 7 ہزار 503 دل کے مریض رپورٹ ہوئے، ان میں سے بھی 8 فیصد مریض 40 سال یا اس سے کم جبکہ 2 فیصد مریض محض 30 سال یا اس سے کم عمر کے پائے گئے۔
ماہرین کے مطابق، یہ تعداد پاکستان میں قبل از وقت شریانوں کی بیماری کے سنگین اور ابھرتے ہوئے مسائل کی عکاسی کرتی ہے۔
طبی ماہرین اور رپورٹ کے مطابق نوجوانوں میں قبل از وقت دل کے دورے پڑنے کی بڑی وجوہات میں سگریٹ نوشی ، ذیابیطس (شوگر)، موٹاپا، خون میں چکنائی کی زیادتی (کولیسٹرول)، ہائی بلڈ پریشر اور جسمانی سرگرمیوں یا ورزش کی شدید کمی شامل ہیں۔
ٹبا ہارٹ انسٹی ٹیوٹ نے خبردار کیا ہے کہ نوجوانوں میں دل کی بیماریوں کا یہ بڑھتا ہوا گراف اب ایک فوری توجہ طلب عوامی صحت کا سنگین مسئلہ بن چکا ہے، جس کے لیے طرزِ زندگی میں فوری تبدیلی ناگزیر ہے۔


