ملک میں تجارتی عدالتوں کے قیام کیلئے قانون سازی کا فیصلہ
اسلام آباد(بولونیوز)ملک میں تجارتی تنازعات کے جلد اور مؤثر حل کے لیے تجارتی عدالتوں کے قیام سے متعلق قانون سازی کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں وزیراعظم کی ہدایت پر ایک خصوصی کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق تجارتی عدالتوں کے قیام سے متعلق قانون سازی کے لیے آٹھ رکنی کمیٹی قائم کی گئی ہے، جس کی سربراہی وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کریں گے۔ کمیٹی مجوزہ قانون کا مسودہ تیار کرے گی۔
کمیٹی کے دیگر ارکان میں اٹارنی جنرل منصور عثمان، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی اور سیکرٹری قانون شامل ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیٹی 45 روز کے اندر اپنی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کرے گی۔ مجوزہ قانون سازی کا مقصد کاروباری ماحول کو بہتر بنانا، سرمایہ کاری کو فروغ دینا اور تجارتی مقدمات کے جلد فیصلے کو یقینی بنانا ہے۔


