ملک بھر میں فنانشل ایکشن ٹاسک فورس ڈیسک قائم کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد(بولونیوز)فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے ملک بھر میں فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (FATF) ڈیسک قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق ڈی جی ایف آئی اے کی جانب سے ڈیسک کے قیام کے لیے تمام ایڈیشنل ڈی جی اور زونل ڈائریکٹرز کو باضابطہ حکمنامہ جاری کر دیا گیا ہے۔ احکامات میں کہا گیا ہے کہ ایف اے ٹی ایف سے متعلق تمام امور کو مؤثر انداز میں مانیٹر کرنے کے لیے ہر زون میں خصوصی ڈیسک قائم کیا جائے گا۔

حکام کے مطابق ان ڈیسکوں کے ذریعے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے چھ مختلف اہداف سے متعلق اقدامات کی تفصیلات اکٹھی کی جائیں گی، جو ممکنہ طور پر رواں سال کی آخری سہ ماہی میں ہونے والی ایف اے ٹی ایف کی باہمی ایوالویشن کے دوران پیش کی جائیں گی۔

ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ جاری احکامات میں تمام ونگز اور زونز کو ایف اے ٹی ایف کے دیے گئے ٹاسکس پر مکمل عملدرآمد کی ہدایات دی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ نامزد فوکل پرسن کے ذریعے سات روز کے اندر احکامات پر عملدرآمد یقینی بنانے اور اس کی رپورٹ ڈی جی ایف آئی اے کو پیش کرنے کا بھی کہا گیا ہے۔

حکام کے مطابق ایف اے ٹی ایف ڈیسک کے لیے سات ٹی او آرز پر مشتمل ایک پروفارما بھی احکامات کے ساتھ منسلک کیا گیا ہے، جبکہ ایف اے ٹی ایف کی جانب سے دیے گئے تمام ٹاسکس پر ایف آئی اے سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے عملدرآمد لازم قرار دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اس اقدام کا مقصد منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت کے خلاف پاکستان کے اقدامات کو مزید مؤثر بنانا اور عالمی تقاضوں کے مطابق پیش رفت کو یقینی بنانا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *