کراچی کے علاقے ڈیفنس میں ایس ایس پی عرفان سموں کے گھر ڈکیتی، اہلخانہ یرغمال

کراچی(بولونیوز)پوش علاقے ڈیفنس میں سینئر پولیس افسر ایس ایس پی عرفان سموں کے گھر ڈکیتی کی سنگین واردات پیش آئی، جہاں چار مسلح ملزمان نے گھر میں داخل ہو کر اہلخانہ کو یرغمال بنایا اور لاکھوں روپے مالیت کا قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہو گئے۔

پولیس کے مطابق واردات گزشتہ شب 11 سے 12 بجے کے درمیان ڈیفنس میں ساحل تھانے کی حدود میں پیش آئی۔ ایس ایس پی ساؤتھ نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ملزمان اسلحے کے زور پر گھر میں داخل ہوئے اور اہلخانہ کو یرغمال بنا کر نقدی، زیورات اور دیگر قیمتی اشیا اپنے ساتھ لے گئے۔

حکام کا کہنا ہے کہ واردات کے وقت ایس ایس پی عرفان سموں گھر پر موجود نہیں تھے۔ ایس ایس پی عرفان سموں کے مطابق جس گھر میں ڈکیتی کی واردات ہوئی وہاں ان کے بھائی اور بھتیجے رہائش پذیر ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے سے متعلق اہم شواہد حاصل کر لیے گئے ہیں اور ملزمان کی شناخت کے بعد ان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔

واقعے کا مقدمہ ایس ایس پی عرفان سموں کے بھائی کی مدعیت میں درج کر لیا گیا ہے جبکہ پولیس مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کر رہی ہے۔ پولیس حکام کے مطابق ملزمان کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *