بجٹ 2026-27: ریئل اسٹیٹ سیکٹر کے لیے ریلیف کے امکانات، ٹیکسوں میں کمی پر غور
اسلام آباد(بولونیوز)آئندہ وفاقی بجٹ 2026-27 میں ریئل اسٹیٹ سیکٹر کے لیے ریلیف دینے کے امکانات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔
سرکاری ذرائع کے مطابق بجٹ میں فائلرز کے لیے پراپرٹی کی خرید و فروخت پر ٹرانزیکشن ٹیکس میں کمی کی تجویز زیر غور ہے۔ وزارت خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پراپرٹی کی خریداری پر شق 236K کے تحت ودہولڈنگ ٹیکس 1.5 فیصد سے کم ہو کر 0.25 فیصد تک کیے جانے کا امکان ہے۔
اسی طرح پراپرٹی کی فروخت پر شق 236C کے تحت ودہولڈنگ ٹیکس 4.5 فیصد سے کم ہو کر 1.5 فیصد کیے جانے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق ریئل اسٹیٹ سیکٹر پر ٹیکسز میں مجوزہ ردوبدل سے متعلق ایف بی آر نے آئی ایم ایف کو بھی آگاہ کر دیا ہے۔ تاہم نان فائلرز کے لیے پراپرٹی کی خرید و فروخت پر کوئی ریلیف نہیں دیا جائے گا، اور ان پر تقریباً 10.5 فیصد ٹیکس بدستور برقرار رہنے کا امکان ہے۔
حکام کے مطابق رواں مالی سال کے دوران جولائی سے مارچ تک ودہولڈنگ ٹیکس میں 29 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، تاہم بھاری ٹیکسوں کے باعث گزشتہ سال کی نسبت کیپیٹل گین ٹیکس وصولیوں میں کمی بھی دیکھی گئی ہے۔


