کراچی کے رہائشی جب شہرکی برائی کرتے ہیں تودلی افسوس ہوتا ہے، وزیر اعلیٰ سندھ
کراچی(بولونیوز)وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ کراچی کے رہائشی خود جب شہر کی برائی کر کے خوش ہوتے ہیں تو دلی افسوس ہوتا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ کراچی پاکستان کا پہلا دارالحکومت ہونے سے لے کر آج تک ایک عظیم میگا سٹی ہے، یہ ہمیشہ تاریخ، ثقافت اور تجارت کا چوراہا رہا ہے، مہاجرین، تاجروں، مزدوروں، شاعروں، ادیبوں اور عام شہریوں نے مل کر جدید کراچی بنایا، سندھ تہذیب، رواداری اور صوفی روایات کی سرزمین ہے، شاہ عبداللطیف بھٹائی، سچل سرمست اور لعل شہباز قلندر ہمیں باہمی بقا کا درس دیتے ہیں، سندھ کے صوفیائے کرام ہمیں انسانیت اور محبت کی اقدار سکھاتے ہیں۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ بدقسمتی سے سندھ کی ثقافت اور تاریخ سے ناواقف لوگوں نے اس شہر کے ساتھ کھیلا، امید ہے کہ مستقبل میں کراچی کی تاریخ اور ثقافت سے کھیلنے والوں کی حوصلہ شکنی ہوگی۔


