اسلام آباد سے راولپنڈی میٹرو بس میں آگ لگنے کا واقعہ، بڑا حادثہ ٹل گیا
اسلام آباد / راولپنڈی(بولونیوز)اسلام آباد سے راولپنڈی جانے والی میٹرو بس میں اچانک آگ بھڑک اٹھنے کا واقعہ پیش آیا، تاہم ڈرائیور کی بروقت کارروائی کے باعث ایک بڑا حادثہ ٹل گیا۔
ذرائع کے مطابق سیکریٹریٹ سے صدر جانے والی میٹرو بس میں سکستھ روڈ کے قریب اچانک آگ لگ گئی۔ ڈرائیور نے فوری طور پر حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بس کو اسٹیشن پر روکا اور تمام مسافروں کو بحفاظت باہر نکال لیا۔
ابتدائی طور پر آگ پر قابو پا لیا گیا تھا، تاہم تیز ہواؤں کے باعث آگ دوبارہ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری بس کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
بعد ازاں ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور دوبارہ بھڑکنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا۔ خوش قسمتی سے بس خالی ہونے کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم بس کو شدید نقصان پہنچا ہے۔


