ملک بھر میں بارش، ژالہ باری اور شدید موسمی صورتحال کا امکان، این ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

لاہور(بولونیوز)محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری کی پیشگوئی کر دی ہے۔ خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں آندھی اور بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے علاقوں دیر، سوات، مالم جبہ، کوہستان اور باجوڑ میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ اسی طرح کالام، چترال، بونیر، کوہاٹ، ایبٹ آباد اور پشاور میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

مزید برآں صوابی، مردان، مالاکنڈ، پارا چنار، کرم اور وزیرستان میں بھی آندھی کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بالائی علاقوں میں بعض مقامات پر تیز بارش اور ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔

شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

دوسری جانب این ڈی ایم اے نے 26 سے 31 مئی تک ملک بھر میں شدید موسمی صورتحال کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ادارے کے مطابق بالائی علاقوں میں بارشوں، درجہ حرارت میں اضافے اور گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے کے باعث سیلابی صورتحال، لینڈ سلائیڈنگ اور گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کے خطرات بڑھ سکتے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *