دکی میں کوئلہ کان حادثہ: ریسکیو آپریشن مکمل، 5 کان کن زندہ، ایک جاں بحق
بلوچستان(بولونیوز)بلوچستان کے ضلع دکی میں کوئلے کی کان میں مٹی کا تودہ گرنے سے پیش آنے والے حادثے کے بعد ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے۔ کان میں پھنسے 6 کان کنوں میں سے 5 کو زندہ نکال لیا گیا جبکہ ایک کان کن کی لاش برآمد ہوئی ہے۔
ڈسٹرکٹ انسپکٹر آف مائنز کے مطابق گزشتہ رات کوئلے کی ایک کان میں مٹی کا تودہ گرنے سے 6 مزدور اندر پھنس گئے تھے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر آپریشن شروع کیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق 14 گھنٹے کی مسلسل کوششوں کے بعد ایک کان کن کو زندہ نکالا گیا، جس کے بعد مزید ریسکیو ٹیمیں طلب کی گئیں۔ تقریباً 20 گھنٹے کی جدوجہد کے بعد مزید 4 کان کنوں کو بھی بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ آپریشن کے آخری مرحلے میں چھٹے کان کن کی لاش نکال لی گئی، جس کے بعد ریسکیو آپریشن مکمل قرار دے دیا گیا۔ یہ افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب کان کن تقریباً 3 ہزار فٹ گہری کان میں کام کر رہے تھے۔
واقعے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا ہے جبکہ حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔


