محسن نقوی کی عباس عراقچی سے ملاقات، ایران امریکا جنگ کے خاتمے کے لیے مسودوں پر تفصیلی بات چیت

تہران(بولونیوز)پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی نے تہران میں ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی سے اہم ملاقات کی، جس میں خطے میں کشیدگی کم کرنے اور ایران اور امریکا کے درمیان جاری جنگ کے خاتمے سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

خبر ایجنسی کے مطابق ملاقات کے دوران ایران امریکا جنگ کے خاتمے کے لیے تیار کیے گئے مختلف مسودوں پر تفصیلی گفتگو کی گئی، جبکہ امن کے قیام اور کشیدگی میں کمی لانے کے ممکنہ طریقہ کار پر بھی غور کیا گیا۔

ایرانی خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن و استحکام کی اہمیت پر زور دیا اور سفارتی کوششوں کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا۔

دوسری جانب سفارتی ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی آج بھی تہران میں قیام کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ محسن نقوی امریکا ایران مذاکرات سے متعلق مزید اہم ملاقاتیں بھی جاری رکھے ہوئے ہیں، جن کا مقصد تنازع کے پرامن حل کی راہ ہموار کرنا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *