صدارت کے بعد اسرائیل کا وزیراعظم بن سکتا ہوں، ٹرمپ کی گفتگو وائرل
واشنگٹن(بولونیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک حیران کن دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اسرائیل کے اگلے وزیراعظم بن سکتے ہیں، کیونکہ وہاں ان کی مقبولیت انتہائی بلندیوں پر ہے۔
بدھ کو یو ایس کوسٹ گارڈ اکیڈمی کی گریجویشن تقریب سے قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ وہ اسرائیل میں وزیراعظم کے عہدے کے لیے الیکشن لڑ سکتے ہیں کیوں کہ وہاں انہیں غیر معمولی مقبولیت حاصل ہے۔
ٹرمپ کا مزاحیہ انداز میں کہنا تھا کہ شاید صدارت کی مدت پوری کرنے کے بعد میں اسرائیل چلا جاؤں اور وہاں وزیراعظم کا الیکشن لڑوں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ آج صبح ہی ایک سروے رپورٹ آئی ہے جس کے مطابق اسرائیل میں میری مقبولیت 99 فیصد ہے، جو کہ ایک بہترین چیز ہے۔
تاہم صدر ٹرمپ نے یہ واضح نہیں کیا کہ وہ کس سروے رپورٹ کا حوالہ دے رہے ہیں جبکہ اس سلسلے میں وائٹ ہاؤس نے بھی فوری طور پر کوئی وضاحت جاری نہیں کی ہے۔
واضح رہے کہ بینجمن نیتن یاہو اس وقت اسرائیل کے وزیراعظم ہیں جو 1996 سے اب تک کئی بار اس عہدے پر فائز رہ چکے ہیں، اور صدر ٹرمپ ایران کے خلاف جاری جنگ میں نیتن یاہو کے کٹر حامی رہے ہیں۔
جب صدر ٹرمپ سے پوچھا گیا کہ کیا انہوں نے ایران جنگ کی موجودہ صورتحال پر نیتن یاہو سے کوئی بات چیت کی ہے، تو انہوں نے جواب دیا کہ نیتن یاہو بالکل ٹھیک ہیں، وہ ایک بہت اچھے انسان ہیں اور میں ان سے جو کچھ بھی کرنے کو کہوں گا، وہ وہی کریں گے۔
بینجمن نیتن یاہو کا دفاع کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ یہ بات نہیں بھولنی چاہیے کہ نیتن یاہو جنگی حالات کے وزیراعظم ہیں، اور میری رائے میں اسرائیل میں ان کے ساتھ درست سلوک نہیں کیا جا رہا۔


