شہریوں نے 3 روز میں 25 ہزار سے زائد قربانی کے جانورخرید لیے
کراچی(بولونیوز)کراچی کے ناردرن بائی پاس پر قائم مویشی منڈی میں قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت میں تیزی دیکھی جا رہی ہے، جہاں ملک کے مختلف اضلاع سے خوبصورت اور بھاری بھرکم جانوروں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔رپورٹ کے مطابق اب تک منڈی میں لائے گئے جانوروں کی مجموعی تعداد ڈھائی لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔
میڈیا سیل کے انچارج ذکی ابڑو کے مطابق اب تک منڈی سے 70 سے 80 ہزار جانور فروخت ہو چکے ہیں، جبکہ یہ سلسلہ مسلسل بڑھ رہا ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صرف گزشتہ 3 روز کے دوران کراچی کے شہریوں نے 25 ہزار سے زائد قربانی کے جانور خریدے، جس سے منڈی میں کاروباری سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
منتظمین کے مطابق ہر گزرتے دن کے ساتھ خریداروں کی آمد میں اضافہ ہو رہا ہے اور توقع ہے کہ آئندہ دنوں میں فروخت کا یہ سلسلہ مزید تیز ہوگا۔


